Qaseeda,Qasida,manqabat,nazm,moula Abbas as,in urdu,

💓💓💓💓💓💓💓💓💓

        دکھائی دیتے ہیں اب تم ہی
                چارہ جو عباسؑ

گلاب کھلتے ہیں مدحت کے چارسو عباسؑ
ترے خیال کی خوشبو ہے کوبکو عباسؑ

تمام ہوگیا لیجے مرا وضو عباسؑ
قلم ' میں بیٹھ گیا لیکے قبلہ رو عباسؑ

زباں کو اس لئے دھویا ہے آبِ کوثر سے
کھلا ہے آج ترا باب گفتگو عباسؑ

پڑھوں گا آج میں کچھ ایسے منقبت کی نماز
ملک بھی دل میں کریں جس کی آرزو عباسؑ

میں منقبت کبھی ازخود کیا نہیں کرتا
یہ جوش کھاتا ہے اس جسم میں لہو عباسؑ

میں تیرا  ذکر شب و روز یوں بھی کرتا ہوں
شعور پاتا ہے اس ذکر سے نمو عباسؑ

صبح سے تیرے تصور میں اتنا ڈوبا  ہوں
دکھائی دیتا ہے ہر سمت تو ہی تو عباسؑ

 مقام اتنا بلند ہے ترا بچشمِ خدا
فلک بھی قد میں ہے کم تیرے روبرو عباسؑ

رگڑ رہا ہے جبیں آسماں ترے در پر
نثار تجھ پہ ہے دنیائے رنگ و بو عباسؑ

نظر ہی تیغ کے مانند ہو جس بہادر کی
جہاں میں دیکھا نہیں ایسا جنگ جو عباسؑ

جو زخم کھائے ہیں اس زندگی کے ہاتھوں سے
وہ زخم ہونگے ترے ہاتھ سے رفو عباسؑ

سنا ہے آپ نے اس میں خرد انڈیلی ہے
لو ' اس شراب سے بھر دیجئے سبو عباسؑ

مرے وجود میں یہ انقلاب کیسا ہے
بدل رہا ہے کوئی میرا طرزِ خو عباسؑ

زمانہ تجھکو فقید المثال کہتا  ہے
کہاں سے لاؤں ترے جیسا خوبرو عباسؑ

ہزار حیف ، جسے تو نظر نہیں آتا
جہاں میں کرتا ہے وہ کیسی جستجو عباسؑ

مچی ہے دنیا میں ہر سمت ہائے ہو عباسؑ
دکھائی دیتے ہیں اب تم ہی چارہ جو عباسؑ

درِ مراد پہ رکھ کر سبھی مرادوں کو
ہم ہوکے بیٹھ گئے ہیں تمہاری سو عباسؑ

ترے قصیدہ میں کیا حسن کیا روانی ہے
یہ کیف ہوگیا پڑھ پڑھ کے خو ش گلو عباسؑ


🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡
اللھم صل علی محمد وآل محمد وعجل فرجھم والعن اعدائھم
🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡
🖊  رضی حیدر کیف

🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡🧡

Comments