Manqabat,qaseeda,qasida,nazm,imame Hasan hassan as,in urdu English,

🌻🌻🌻🌻🌻🌻🌻🌻🌻
                        مولا
                   حسنؑ حسنؑ

جان بہار ، جان گل ، جان چمن ' حسنؑ
روحِ علیؑ و فاطمہؑ ، در عدن ' حسنؑ

شمس العلوم ، عقلِ کل ، شاہ زمن ' حسنؑ
تم نورِ کبریا کی ہو چوتھی کرن ' حسنؑ

تصویر تیری صبح کے منظر سے ہے حسین
پھیکا ہے تیرے آگے گل نسترن ' حسنؑ

جب دیکھتے ہیں دنیا میں اچھا ہے سب سے کون
ہمکو فقط دکھائی دئے پنج تن ' حسنؑ

دل سے لگا کے سیرتِ پیغمبرِ زماں
تم نے کئے ہیں دین کے احیاء سنن ' حسنؑ

روئیدہ کرکے سبزہ کو بنجر زمین میں
تم نے سنوارے گیسوئے دشت و دمن ' حسنؑ

نوک قلم سے چاک کیا سینہء عدو
تیری ہی ذات میں ہے فقط ایسے فن ' حسنؑ

دشمن کو اپنی ہار کا احساس ہوگیا
جب کامیاب ہوگیا تیرا مشن ' حسنؑ

سورج ، ستارے ، چاند ، ثریا ، زمیں ، فلک
روشن ہے تیرے حسن سے یہ انجمن ' حسنؑ

یہ سوچ کر کہ سںبز قبا ہے کوئی امام
پہنے ہوئے ہے سبزہ ترا پیرہن ' حسنؑ

بنتے ہیں تیرے اسم سے دریا میں راستے
کیوں تیرا نام لیتا نہیں کو ہکن ' حسنؑ

انسان کیا اور اسکی بلندی کا ذکر کیا
قدموں میں تیرے خم ہے یہ نیلا گگن 'حسنؑ

کرب و بلا میں چرچہ تھا تیرے ہی خون کا
اس شان سے لڑا ہے ترا گلبدن حسنؑ

جب تک تمھارے ذکر کو شامل نہیں کیا
آیا سخنوروں کو نہ لطفِ سخن ' حسنؑ

تیرے تصورات اترتے ہیں دل پہ جب
کافور ہونے لگتی ہے دل کی گھٹن ' حسنؑ

دنیا کے جس شہر میں ترا تذکرہ ملا
ایسا لگا کہ جیسے ہو اپنا وطن ' حسنؑ

دن رات بس فضائلِ مولا کی ہے تلاش
مدحت سے سیر ہوتا نہیں میرا من ' حسنؑ

دنیا ہے مست دولتِ دنیا لئے ہوئے
اور میں ہوں تیرے عشق کو لیکر مگن ' حسنؑ

ہم جی رہےہیں دامنِ حجت کے سائے میں
ایسی کسی نے پائی ہے جائے امن ' حسنؑ

ہوجاتی کیف فطرتِ انساں حسین تر
رٹتا یہ صبح و شام جو مولا حسنؑ ' حسنؑ

🌺 اللھم صل علی محمد و آل محمد وعجل فرجھم والعن اعدائھم

🌹 ریحان رسولؐ ، دلبند بتولؑ حضرت امام حسن علیہ الصلوۃ والسلام کی ولادت با سعادت کے پر مسرت موقع پر جملہ مومنین و مومنات کی خدمت میں ہدیہء تبریک پیش کرتےہیں ۔

🖊  رضی حیدر کیف 🌲🌲

💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐💐

Comments