Manqabat,qaseeda,qasida,nazm,imam e ali,hazrat moula ali,13 rajab,in urdu,

 ارادہ دل نے کیا جب علیؑ کی مدحت کا

فرشتے لکھنے لگے اجر اس عبادت کا


نہ چھوٹے ہاتھ سے دامن نبیؐ کی عترت کا

اگر ہے دعوا محمدؐ سے پیار و الفت کا


جدارِ خانئہ کعبہ تری فضیلت کا

بیان کرنا ہے مشکل خدا کی قدرت کا


علیؑ کی ایک انگوٹھی کا وزن دیکھ ملک

وقار کیا ہے سلیمان کی حکومت کا


ولی خدا کا وصئیِ رسول آیا ہے

بہت قریب ہے اعلان اب رسالت کا


غریب و بیکس و مجبور کا یہ ناصر ہے

علیؑ کو رب نے دیا کام یہ کفالت کا


بتائے بدر و احد اور خندق و خیبر

کوئی بھی اور ہوا ہے علیؑ کی ہمت کا


علیؑ نے کتنے شریروں کو کر دیا فی النار

کوئی غرور نہیں ہے مگر شجاعت کا


نکالا تیر بدن سے مگر پتہ نہ چلا

سلیقہ سیکھے علیؑ سے بشر عبادت کا


غدیرِخم میں جو بخٍ لکٰ سناتے تھے

تقاضہ کرنے لگے وہ علیؑ سے بیعت کا


خدا نے جس کو بسایا ہے حق کی خوشبو سے

کھلا وہ گلشنِ عمراں میں گل امامت کا


نبیؐ و آلِ نبیؐ کی ہے پیروی لازم

یہی ہے راستہ مقبولؔ آدمیت کا




از نتیجئہ فکر:- مقبولؔ جائسی

Comments