کھیتیاں ہیں ہری بھری دیکھو
شادماں پھول اور کلی دیکھو
کس کی آمد ہے آج گلشن میں
پتّیاں ہیں جھکی جھکی دیکھو
ٹہنیاں سب لچک کے کہتی ہیں
ڈالی ڈالی ہے جھومتی دیکھو
گنگنانے کو آ گئے بھونرے
تتلیاں بن گئیں پری دیکھو
ہلکی ہلکی پٗھہار پڑتی ہے
اب فضا بھی ہے شبنمی دیکھو
زرہ زرہ کو ہے خوشی دیکھو
یہ محمدؑ ہے فاطمیؑ دیکھو
رخ پہ اس کے جلالِ حیدرؑ ہے
علم اس کا پیمبرؐی دیکھو
ان کے نانا ہیں حضرتِ شبرؑ
دادا شبیرؑ سے ولی دیکھو
یہ محمدؐ کے پانچویں نائب
ان کے بابا بھی ہیں علیؑ دیکھو
وہ نشانہ ہے ان کے تیروں کا
اچھے اچھے ہیں حیرتی دیکھو
بگڑے گھوڑے کو کر لیا بس میں
یہ ضعیفی میں تازگی دیکھو
جاہلوں میں نہیں ہیں یہ راہب
غور سے علم و آگہی دیکھو
دین و دنیا ہے ان کے قبضے میں
زندگی بھر کی سادگی دیکھو
خالی جاتا نہیں کوئی در سے
مثلِ اجداد ہیں سخی دیکھو
کربلا اور شام کی منزل
اللّٰه اللّٰه کمسنی دیکھو
جعفری فقہہ ناز کرتی ہے
علمِ باقرؑ کی روشنی دیکھو
تم تو عیسیٰؑ کے بھی مسیحا ہو
سمتِ مقبولؔ جائسی دیکھو
از نتیجئہ فکر :- مقبولؔ جائسی
Comments
Post a Comment